واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس خطے میں استحکام ہی اسرائیل کی سلامتی کی ضمانت بن سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ صدر ٹرمپ مغربی کنارے میں اسرائیلی قبضے کے حق میں نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی علاقوں میں استحکام خطے میں قیام امن کے امریکی ہدف کے عین مطابق ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے جاری کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے مغربی کنارے کے استحکام کو ناگزیر سمجھتی ہے۔
دوسری جانب برطانوی حکومت نے بھی مغربی کنارے پر قبضے کو وسعت دینے سے متعلق اسرائیلی کابینہ کے فیصلے کی سخت مذمت کی ہے۔
برطانوی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فلسطین کی جغرافیائی ساخت کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی کوششیں ناقابل قبول ہے۔ اس نوعیت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین سے متصادم ہیں۔
برطانوی حکومت نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے فیصلے فوری طور پر واپس لے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کے سپریم لیڈر نے ایرانی عوام کے نام اہم پیغام جاری کردیا
ادھر پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو ایسے خطرناک اور اشتعال انگیز اقدامات سے روکے۔
