اسلام آباد: چین کی عمومی کارکردگی کے بارے میں پاکستانیوں کی مثبت رائے گزشتہ ایک دہائی سے برقرار ہے اور اس میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔
یہ بات گیلپ پاکستان کی جانب سے کیے گئے سروے میں سامنے آئی۔
گیلپ پاکستان کی جانب سے 2009 میں منعقدہ سروے میں عوام سے سوال کیا گیا تھا کہ ان کی رائے میں چین کی گزشتہ برس عمومی کارکردگی کیسی رہی۔
اس سوال کے جواب میں 66 فیصد نے اچھی رائے جبکہ 13 فیصد نے بری رائے کا اظہار کیا تھا۔ پانچ فیصد نے کوئی رائے نہیں دی جبکہ 16 فیصد نے اس حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔
گیلپ کی جانب سے یہی سوال دوبارہ 2018 میں پوچھا گیا تاکہ سابقہ سروے کو مدنظر رکھ کر ایک تقابلی جائزہ لیا جا سکے۔
موجودہ سروے میں 65 فیصد کی رائے میں چین کی کارکردگی اچھی رہی جبکہ گیارہ فیصد نے کارکردگی کے بارے میں بری رائے کا اظہار کیا۔ اسی طرح 15 فیصد کا کہنا تھا کہ چین کی کارکردگی نہ ہی بری تھی اور نہ ہی اچھی جبکہ 9 فیصد نے یا تو جواب نہیں دیا یا لا علمی کا اظہار کیا۔
رائے عامہ کے مطابق ایسے افراد کی تعداد میں ایک فیصد کمی واقع ہوئی ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ چین کی کارکردگی اچھی رہی ہے، جبکہ ایسے پاکستانیوں کی تعداد میں 2 فیصد کمی آئی ہے جو کہ سمجھتے ہیں کہ چین کی کارکردگی 2009 کے مقابلے میں بری ہے۔
