کراچی میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم تیز اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث سردی 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے۔
سرد موسم کے باعث رات اور صبح کے اوقات میں ٹریفک کی روانی میں نمایاں کمی دیکھی گئی جبکہ پارکوں میں ورزش کے لیے آنے والوں کی تعداد بھی کم رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بن قاسم میں کم سے کم درجہ حرارت 7.4 ڈگری، جناح ٹرمینل اور گلستانِ جوہر میں 10.5 جبکہ شارع فیصل میں 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصد جبکہ شمال مغرب سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، تاہم موسم مجموعی طور پر خشک اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید سرد اور خشک ہے۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 جبکہ قلات اور زیارت میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ژوب میں درجہ حرارت منفی 5، سبی میں 3 اور تربت میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ نوکنڈی میں درجہ حرارت صفر جبکہ چمن میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ساحلی علاقوں میں گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 10 اور جیوانی میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
دوسری جانب لاہور میں بارش کے بعد موسم کا مزاج بدل گیا ہے جس سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ٹھنڈی ہواؤں کے باعث خشک سردی کا خاتمہ ہو گیا ہے جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور بارش کے باعث دھند کی شدت میں بھی کمی آئی ہے۔ لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 94 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، مری اور گلیات میں تیز بارش اور شدید برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں برفانی تودے گرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مری میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے اور اب تک تقریباً 12 انچ برف ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مری اور گردونواح میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان میں وادی ہنزہ، نگر اور نلتر سمیت مختلف علاقوں میں برفباری ہوئی ہے، جبکہ شاہراہِ قراقرم پر برف پڑنے کے باعث گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہو گئی ہے۔ ضلع خیبر کے مختلف علاقوں میں رات بھر موسلادھار بارش جاری رہی جبکہ وادی تیراہ میں شدید برفباری سے موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے۔
آزاد کشمیر میں بھی بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ بالائی وادی نیلم کی متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں جبکہ لیپہ کو ملانے والی شاہراہ ریشیاں سے ٹریفک معطل ہے۔ وادی نیلم کے علاقے کیل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 اور تاوبٹ میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سردی، بارش اور برفباری کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
