اسلام آباد: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر محمد عبدالشکور نے کہا ہے کہ الخدمت الفلاح اسکالرشپ سکیم اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے بلا تفریق رنگ، نسل مستحق لیکن ذہین طلبہ وطالبات کو تعلیمی وظائف فراہم کر رہی ہے۔
الخدمت الفلاح اسکالر شپ پروگرام کے 25 سال مکمل ہونے پر کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم، الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر محمد عبدالشکور، ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، سیکرٹری جنرل سید وقاص انجم جعفری نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر محمد عبد الشکور نے کہا کہ الفلاح اسکالر شپ الخدمت فاؤنڈیشن کے شعبہ تعلیم کا ہی ایک حصہ ہے۔ جس کے تحت گزشتہ 25 سال سے مالی دشواریوں کے شکار ہزاروں ذہین طلبہ وطالبات کو حصول تعلیم میں مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذہین اور مالی مشکلات کے شکار طلبہ و طالبات کا میرٹ پر انتخاب کیا جاتا ہے اور پھر انہیں ہائر ایجوکیشن کے لیے وظائف فراہم کیے جاتے ہیں۔ اس وقت الخدمت الفلاح اسکالر شپ کے تحت وطن عزیز کے چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے 936 ہونہار اور مستحق طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے بلاتفریق تعلیمی وظائف فراہم کیے جا رہے ہیں۔
محمد عبدالشکور نے کہا کہ اب تک الخدمت الفلاح اسکالر شپ کی مدد سے اپنی تعلیم مکمل کرنے والوں میں 710 ڈاکٹرز، 604 انجینئرز، 1150 بی ایس آنرز/ماسٹرز، 256 ایسوسی ایٹ انجینئر، 528 گریجویٹ اور 2021 انٹرمیڈیٹ کے طلبہ و طالبات شامل ہیں جبکہ مجموعی طور پر 5 ہزار 269 ذہین اور ہونہار طلبہ وطالبات کو تعلیم مکمل کرنے کے لیے 43 کروڑ 69 لاکھ روپے کے وظائف فراہم کیے جا چکے ہیں۔
سید وقاص انجم جعفری نے کہا کہ تعلیم کا حصول ہر انسان کا بنیادی حق ہے لیکن بد قسمتی سے پاکستان میں 2 کروڑ 30 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں۔ ایسے میں الخدمت الفلاح اسکالر شپ جیسے پروگرام ہونہار طلبہ و طالبات کے لیے امید کی ایک کرن ہے۔
