لاہور:’موٹر سائیکل گرل‘ کے رنگا رنگ پریمیئر میں شوبز سے تعلق رکھنے والے ستاروں نے شرکت کر کے تقریب کو چار چاند لگادیے۔
موٹر سائیکلسٹ زینتھ عرفان کی زندگی پر مبنی فلم میں مرکزی کردار نامور اداکارہ سوہائےعلی نے انجام دیا ہے۔
فلم کی کہانی ’لاہوری کڑی‘ زینتھ عرفان کےگرد گھومتی ہے جو ایک خواب کو تعبیر کی شکل دینے کے لئے ’غیرروایتی‘طریقہ اختیار کرتی ہے۔
عملی زندگی میں زینتھ عرفان کے والد بائیک پر خنجراب تک کا سفر کرنا چاہتے تھے لیکن زندگی نے مہلت نہ دی۔
’بائیک گرل‘ صرف دس ماہ کی تھیں جب ان کے والد کا انتقال ہوا تھا۔
ہوش سنبھالنے کے بعد جب انہیں معلوم ہوا کہ ان کے والد کی کیا خواہش تھی تو انہوں نے دل میں والد کے خواب کو عملی شکل دینے کی ٹھان لی ۔

پریمئیر میں شریک اداکارہ سیمی راحیل نے کہا کہ فلم نئی نسل کی خواتین کی بہادری اور طاقت پر مبنی ہے۔
“موٹر سائیکل گرل” ایک ایسی فلم ہے جس میں خواتین کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔
فلم میں سوہائے علی نے اپنی اداکاری سے پیغام دیا ہے کہ حالات کتنے بھی کٹھن ہوں، ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔
فلم کے ایک ڈائیلاگ میں سوہائےعلی ایک مرد(کیرکٹر) کو کہتی ہیں کہ’’ آپ اورمیں ایک سوسانٹی کاحصہ ہیں آپ بھی اسکوٹر یا موٹر سائیکل پردفتر نہ آیا کریں‘‘۔
باہمت خاتون موٹرسائیکلسٹ کی زندگی پر بننے والی فلم 20 اپریل سے سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
فلم میں سوہائےعلی کا ساتھ علی کاظمی، سرمد کھوسٹ اور ثمینہ پیرزادہ سمیت دیگر نے دیا ہے۔
