لاہور: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرادی ہے۔
ہم نیوز کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق تاحال دبئی میں جائیدادیں رکھنے والے 25 سیاست دانوں کا سراغ لگایا جا چکا ہے۔ ایف آئی اے سپریم کورٹ کے حکم دبئی میں جائیدادیں رکھنے والے پاکستانیوں کی معلومات جمع کررہی ہے۔
قبل ازیں ایف آئی اے کی جانب سے دبئی میں جائیداد مالکان کو بھیجے گئے 80 فیصد نوٹس واپس آگئے تھے۔
ہم انوسٹی گیٹس کی ٹیم نے انکشاف کیا تھا یو اے ای حکومت کے مطابق دبئی میں جائیداد خریدنے والے پاکستانیوں میں سے 137 کا تعلق لاہور، 294 کا کراچی، 28 کا اسلام آباد اورسات کا تعلق سیالکوٹ سے ہے۔
اطلاعات کے مطابق الثمر، گلف ٹاور، یانسن کوارٹرز، ریحان کوارٹرز، جی آر موسیلہ، فیئرویز، مرینا پورمینیڈ، جی آر لنکس، لوفٹس، اسٹینڈ پوائنٹ، الیامیرا، لوٹی بی کمون اور گرین فئیروے نامی علاقوں میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے جائیدادیں خریدی ہیں۔
ہم انوسٹی گیٹس نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ خریداری میں شامل افراد میں سے ایک ہزار 378 دبئی، 139 شارجہ، 18 عجمان، 77 ابوظہبی اور 17 سعودی عرب میں رہتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں سینکڑوں ارب روپے کی جائیدادیں خریدنے والوں میں سیاستدان، بیوروکریٹس اور کاروباری افراد کے نام شامل ہیں۔
