اسلام آباد: ماہر معاشیات اور حکومت کے ترجمان برائے معاشی امور ڈاکٹر فرخ سلیم کا کہنا ہے کہ حکومت کے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں کئی ملکی اورغیر ملکی کمپنیاں سرمایہ کاری کرنے کی خواہاں ہیں۔
انہوں نے ہم نیوزکے پروگرام ‘نیوز لائن’ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایک کروڑ سے زائد افراد کو گھروں کی ضرورت ہے اور یہ منصوبہ عوام کی حکومت سے توقعات کے عین مطابق ہے۔
انہوں نے کہا کہ کئی بینکوں سمیت چین کی متعدد تعمیراتی کمپنیاں ہاؤسنگ پروگرام میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔ ڈاکٹر فرخ نے اس بات کو تسلیم کیا کہ 50 لاکھ گھر بنانے کا ہدف بہت بڑا ہے لیکن ناممکن نہیں۔
انہوں نے پروگرام کی میزبان ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے وقت میں حکومتی فیصلوں کے اثرات دیکھائی دیں گے۔
پروگرام میں موجود پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا اعلان حکومت کی جانب سے کسی’سیاسی شعبدہ بازی’ کے علاوہ کچھ نہیں ہے، پانچ سال کے عرصے میں یہ حکومت اگر پانچ لاکھ گھر بھی بنا سکے تو بہت بڑی بات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما اور سابق گورنر سندھ زبیرعمرکا کہنا تھا کہ ملک کا کوئی بینک اس پروگرام میں سرمایہ کاریکے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی کوتاہیوں کو چھپانے کے لیے جلد بازی میں اس ہاؤسنگ اسکیم کا اعلان کیا ہے جبکہ ان کے پاس اب تک کوئی اسٹرکچر ہے اور نہ ہی کوئی پلان ہے جو عمل درآمد کے قابل ہو۔
