لاہور: لاہورقلندرز کے پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کی دریافت، حارث رؤف کے لیے بین الاقوامی لیگز کی دلچسپی بڑھنے لگی ہے اورحارث رؤف کی بین الاقوامی لیگز میں مانگ بڑھ گئی۔
ذرائع کے مطابق ساؤتھ افریقہ کی ٹی ٹوئنٹی لیگ نے لاہور قلندرز کی انتظامیہ سےرابطہ کیا ہے اور حارث رؤف کو پلیئرز ڈرافٹ میں شامل کرنےکی پیشکش بھی کی ہے۔
لاہورقلندرزکی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ حارث رؤف اس سال آسٹریلیا میں کرکٹ کھیلیں گے اس لیے انہیں ساؤتھ افریقہ کی لیگ میں نہیں بھیج سکیں گے۔
سی او اولاہور قلندرز ثمین رانا کا کہنا ہے کہ حارث رؤف کے لیے دنیا بھرکی لیگز دلچسپی کا اظہار کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے ساتھ کنٹریکٹ ہونے کی وجہ سے حارث رؤف کو ساؤتھ افریقہ نہیں بھیج سکتے۔
حارث رؤف کو2017 میں لاہور قلندرز کی جانب سے پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کے ذریعے شامل کیا گیا تھا۔
انہوں نے ابوظبی کپ میں شاندار بولنگ کرکے لاہور قلندرز کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
