اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد اعظم نے نیب کی درخواست پرعمران علی یوسف کی جائیداد ضبط کرنے کے خلاف مقدمے کی سماعت کی جس میں عدالت نے شہباز شریف کے داماد کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا۔
دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ نے کہا کہ علی عمران کی اربوں روپے مالیت کی جائیداد پاکستان میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علی سنیٹر،علی ٹاؤن میں کروڑوں روپے مالیت کےدفاتر اور اپارٹمنٹ ہیں جب کہ علی اینڈ فاطمہ ڈویلپر کے نام پر گلبرگ میں اربوں روپے مالیت کا پلازہ ہے۔
پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ غوث الاعظم ڈیولپرز کے نام پر بھی کروڑوں روپے کی جائیداد علی عمران کے نام ہے جب کہ مدینہ فیڈز مل بھی ان کی ملکیت میں ہے۔ اسی طرح دیگر پرائیویٹ لمیٹڈ بھی وزیر پنجاب کے داماد کی ملکیت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران علی یوسف پر پنجاب پاورڈیولپمنٹ کمپنی کے سی ایف او نوید اکرام سے 13 کڑور رشوت لینے کا الزام بھی ہے جب کہ تحقیقات کے لیےنیب کی بار بار طلبی کے باجود وہ پیش نہیں ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران علی یوسف کے وارنِٹ گرفتاری جاری ہوئے تاہم ملزم بیرون ملک فرار ہو چکا ہے۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت شہباز شریف کے داماد کو اشتہاری قرار دے اور ان کی جائیداد ضبط کرنے کاحکم بھی جاری کرے۔
