اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 14 اکتوبر کے ضمنی انتخابات کی مانیٹرنگ کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔
اتوار 14 اکتوبر کو ملک بھر کے 36 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں، ان انتخابات کے لیے 27 مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جن کا نام ان حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کی نگرانی کرنا ہوگا۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق مانیٹرنگ ٹیمیں انتخابات سے دو دن قبل حلقے میں جائیں گے اور انتخابی نتائج مکمل ہونے تک حلقے میں موجود رہیں گے۔
ضمنی انتخابات سے پہلے مانیٹرنگ ٹیمیں پولنگ سامان کی ترسیل کے ساتھ ساتھ پولنگ عملے کی ٹریننگ کا جائزہ لیں گے۔ پولنگ والے دن مانیٹرنگ ٹیمیں سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ بھی لیں گے، مانیٹرنگ ٹیمیں آر ٹی ایس سسٹم کے ساتھ ساتھ سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ کا بھی جائزہ لیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مانیٹرنگ ٹیمیں انتخابی نتائج مرتب کرنے کے ساتھ گنتی کے عمل کا بھی جائزہ لیں گے۔
ضمنی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے فوج طلب کرنا کا فیصلہ کیا ہے۔ انتخابات کے دوران فوج پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات ہوگی۔ قومی اسمبلی کے گیارہ اور صوبائی اسمبلیوں کے 25 حلقوں میں پولنگ 14 اکتوبر کو ہوگی۔
بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل مکمل
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات کےتمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں جبکہ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔
بیلٹ پیپرز کی ترسیل سیکیورٹی خدشات کی بنا پر پاک فوج کی نگرانی میں کی گئی ہے۔
بیلٹ پیپرز تمام حلقوں کے ریٹرننگ افسران تک آج پہنچا دیے گئے ہیں، ملک بھر کے 36 حلقوں کے لیے تقریباً ایک کروڑ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کی گئی ہے۔
ریٹرننگ افسران 13 اکتوبر کوبیلٹ پیپرز پر یزائیڈنگ افسران کو فراہم کریں گے۔
