اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق ووٹرز کی رجسٹریشن سے متعلق ہدایت نامہ جاری کر دیا۔
ہدایت نامے کے مطابق اب ووٹ صرف مستقل یا عارضی پتے پر ہی درج ہو سکے گا۔
نئے قوانین کی روشنی میں 31 دسمبر تک ووٹرز اپنے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتے کے مطابق ووٹ رجسٹر کر ا سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ووٹ کی منتقلی اور اندراج کے لیے فارم 21 الیکشن کمیشن کے دفاتر اور ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
ووٹرز کو اپنے شناختی کارڈ کی کاپی درخواست کے ساتھ جمع کرانا ہو گی۔
سرکاری ملازمین اور انکے اہل خانہ مستقل یا عارضی پتے کے علاوہ عارضی رہائشگاہ پر بھی ووٹ رجسٹر کرا سکتے ہیں۔
الیکشن ایکٹ کے مطابق درخواست گزار کے لیے ضروری ہے کہ وہ بذات خود جا کر فارم نمبر 21 کو جمع کرائے.
تمام اضلاع میں قائم مراکز کی معلومات اور ان سے متعلق شکایات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے حاصل کی جا سکتی ہیں.
