اسلام آباد: وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 126 دن کا جو پرامن دھرنا دیا تھا اس نے ملکی سیاست کا نقشہ تبدیل کر دیا۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں تبدیلی لے کر آئے اور لوگوں کو سوشل میڈیا کی اہمیت سے روشناس کرایا۔
وزیرخارجہ نے تسلیم کیا کہ پاکستان تحریک انصاف میں آنے کے بعد سوشل میڈیا کی اہمیت کا اندازہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے نظریاتی کارکنان معاشرے کے اس طبقے کے نمائندے ہیں جو تبدیلی کے خواہاں ہیں۔
مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سوچ کی تبدیلی میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں نے ہی دیگر جماعتوں کے کارکنوں کو پی ٹی آئی کی جانب راغب کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو تبدیلی کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا۔ نوجوانوں کا پاکستان تحریک انصاف کو بنانے میں بہت بڑا کردار ہے۔
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانے میں پی ٹی آئی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
