لاہور: پنجاب کی اسٹریٹیجک ریفارمز یونٹ کے سابق ڈائریکٹر جنرل سلمان صوفی کو مدر ٹریسا ایوارڈز 2018 کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے۔
نجی تنظیم ہارمنی فاؤنڈیشن کے چئیرمین کا کہنا ہے کہ سلمان صوفی پنجاب میں خواتین پر تشدد روکنے سے متعلق قانون کے مصنف اور وائلنس اگینسٹ ویمن سنٹرز کے بانی ہیں۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ ان کے سینٹڑز نے 2017 میں خواتین کے خلاف تشدد کے 22 سو کیسز حل کیے۔ سلمان صوفی نے خواتین پر تشدد کی روک تھام کے لیے مواد سلیبس کا حصہ بنایا اور ویمن آن وہیلز کے نام سے منصوبہ شروع کرکے خواتین کی حوصلہ افزائی کی۔
ایوارڈز کی تقریب 21 اکتوبر کو ممبئی، بھارت میں ہوگی۔
اس سےقبل ملالہ یوسفزئی اور بلقیس ایدھی کو بھی یہ ایوارڈ دیا جاچکا ہے جب کہ دلائی لامہ اور مہاتیر محمد بھی مدر ٹریسا ایوارڈز حاصل کرچکے ہیں۔
