لاہور: وزیر اعظم عمران خان اپنے ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران لاہور میں پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
وزیر اعظم ایئرپورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر گورنر ہاؤس پہنچے جہاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اُن کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم اور گورنر پنجاب کے درمیان ہونے والی ملاقات میں صوبے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بھی ملاقات میں صوبے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
عمران خان کو 100 روزہ پلان، نئے بلدیاتی نظام اور کلین اینڈ گرین پنجاب کےمنصوبے پر بریفنگ دی جائے گی۔
عمران خان گزشتہ روز کوئٹہ کے ایک روزہ دورے پر پہنچے تھے، جہاں وزیر اعظم کی زیر صدارت کور ہیڈ کوارٹر سدرن کمانڈ میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس کے دوران انہیں بلوچستان کی مجموعی اور کوئٹہ کی سیکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور سینیئر وفاقی وزرا بھی شامل تھے۔
