اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین سینیٹرراجہ ظفرالحق نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن سے قبل پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف کی گرفتاری دھاندلی ہے۔
انہوں نے یہ بات الیکشن کمیشن آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں کہی ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس گرفتاری کا نوٹس لے۔
سینیٹر راجہ ظفرالحق نے خط میں مؤقف اپنایا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو گرفتار کرنے کی کوئی قانونی وجہ نہیں ہے۔
چیئرمین پی ایم ایل (ن) سینیٹر راجہ ظفرالحق کا کہنا ہے کہ ضمنی الیکشن سے شہبازشریف کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ وزیراعظم عمرا خان کے خلاف ہیلی کاپٹرکیس میں کوئی گرفتاری نہیں ہوئی اورنندی پور کیس میں بھی کسی کو گرفتارنہیں کیاگیا۔
سینیٹر راجہ ظفرالحق نے واضح کیا ہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی اس طرح گرفتاری سے بدنیتی ظاہرہوتی ہے۔
جنرل ضیاالحق کے اوپننگ بیٹسمین کی شہرت کے حامل بزرگ سیاستدان کا کہنا ہے کہ ایک کیس میں بلا کردوسرے میں گرفتارکرنا ناانصافی ہے۔
سینیٹر راجہ ظفرالحق نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف کی گرفتاری کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے خط میں لکھا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی گرفتاری پری پول دھاندلی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پیر کو اتحادی جماعتوں کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔ اجلاس کی صدارت سینیٹر راجہ ظفرالحق کریں گے۔
ہم نیوز کے مطابق اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا۔
