اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں جعلی ویزے پر کینیڈا جانے والے دو افغان باشندے بھی شامل ہیں۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ شیراز مرزا اور نوروز خان جعلی دستاویزات کے ساتھ نجی ائیرلائن کیو آر 615 سے قطر جانے کی کوشش کررہے تھے۔
افغان باشندے آراش اریان اور جہانزیب شیرعالم نجی ایئرلائن کی پرواز سے چین جارہے تھے۔ دونوں مسافروں نے چین کے شہر بیجنگ سے کینیڈا کی ٹکٹ بک کروا رکھے تھے۔

ملزمان کو انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ دونوں افغان باشندے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر کینیڈا جانے کی کوشش کر رہے تھے اور انہیں نجی ایئرلائن کے طیارے سے آف لوڈ کیا گیا ہے۔
کینیڈا جانے کی ناکام کوشش کرنے والے دونوں افغان باشندوں سے مزید تفتیش کے بعد ان کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے افغان باشندوں کی گرفتاری سے متعلق دیگر حکام کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے ان کے پاکستان داخلے سے متعلق معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔
اسلام آباد ائیر پورٹ سے قبل ازیں بھی غیر قانونی دستاویزات پر سفر کرنے کی متعدد کوششوں کو ناکام بنایا جا چکا ہے۔
