لاہور: شوکت خانم اسپتال لاہور میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ ٹرافی کی نمائش کی گئی جسے دیکھ کر وہاں موجود مریضوں کے چہرے مسکرا اٹھے۔
پاکستان کے سابق کرکٹر مشتاق احمد ورلڈ کپ ٹرافی لے کر شوکت خانم اسپتال پہنچے تو کینسر کے زیرعلاج بچوں کے چہرے کھل اٹھے۔ بچوں نے وکٹری کے نشان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
اس موقع پر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ زیرعلاج بچوں نے ٹرافی دیکھ کر فخر محسوس کیا، قوم کی دعاؤں کی بدولت پاکستانی ٹیم دوبارہ ورلڈ کپ جیت کر ٹرافی واپس لائے گی۔
اس سے قبل ورلڈ کپ کی خوبصورت ٹرافی گورنمنٹ یونیورسٹی لاہور میں لائی گئی جہاں اسے دیکھ کر طلبہ کا جوش و خروش دیدنی تھا۔
چمچماتی ورلڈ کپ ٹرافی کی ایک جھلک کے لیے جی سی یونیورسٹی میں طلبہ کی بڑی تعداد امڈ آئی ، سابق کرکٹر مشتاق احمد نے ٹرافی بلند کی توفضا پاکستان زندہ باد کےفلگ شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔
طلبا نے ٹرافی کےساتھ سیلفیاں بھی لیں، جی سی لاہور کے طلبا نے ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کی جیت کی خواہش کا اظہار بھی کر دیا۔
جگمگاتی ورلڈ کپ ٹرافی آج سفر لاہور مکمل کر کے پانچ اور چھ اکتوبر کو اسلام آباد جب کہ سات اور آٹھ اکتوبر کو کراچی میں رونمائی کے لیے پیش جائے گی۔
