دبئی: انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان منسوخ شدہ کرکٹ سیریز کے کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی نمائندگی خواجہ احمد حسین، الیگزونڈرکس اور سلمان کی ہے جب کہ سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے بھی اپنا بیان قلمبند کرایا تھا۔
پی سی بی کی جانب سے اپریل 2018 میں معاملہ آئی سی سی کی ڈسپیوٹ کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی کے سامنے پیش کیے گئے تحریری مؤقف میں دعویٰ کیا تھا کہ بھارت نے سیریز نہ کھیل کر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس سے پاکستان کو تقریباً 70 ملین ڈالر کا نقصان ہوا۔
پی سی بی نے طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) سے 70 ملین ڈالر ہرجانہ طلب کیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2014 میں آٹھ سالوں میں چھ سیریز کھیلنے کا معائدہ کیا گیا تھا۔ سمجھوتہ کے تحت 2015 اور 2016 میں پاک بھارت دو طرفہ سیریز ہونی تھی لیکن بھارت نے معاہدے کے باجود کھیلنے سے منع کردیا تھا۔
قبل ازیں نومبر 2014 اور دسمبر 2015 میں بھی بھارت کے انکار کے بعد پاکستان اور بھارت کے مابین دوطرفہ سیریز نہیں ہو سکی تھی۔
