اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکسان نے پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 217 ملتان سے کامیاب امیدوار محمد سلمان نعیم کو نااہل قرار دے دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے پی پی 217 ملتان کی نشست کا فیصلہ سناتے ہوئے کامیاب امیدوار محمد سلمان نعیم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔
الیکشن کمیشن نے پی پی 217 پر دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق نادرا ریکارڈ میں آزاد امیدوار محمد سلمان نعیم کی عمر 25 سال سے کم ہے جب کہ سلمان نعیم نے اپنے دو شناختی کارڈز بنوا رکھے تھے۔
محمد سلمان نعیم کے خلاف پی پی 217 کے ووٹرز شعیب اکمل قریشی اور طاہر حمید قریشی نے دراخواست دائر کی تھی جب کہ شاہ محمود قریشی نے بطور فریق سلمان نعیم کو نااہل قرار دینے کی استدعا کی تھی۔
محمد سلمان نعیم نے پی پی 217 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار شاہ محمود قریشی کو شکست دی تھی۔
درخواست گزار شعیب اکمل کے وکیل حسن مان نے گزشتہ سماعت میں دلائل دیتے ہوئے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ محمد سلمان نے دو شناختی کارڈز بنا رکھے ہیں۔ پہلے شناختی کارڈ میں اُن کا نام سلمان نعیم اور تاریخ پیدائش 28 جنوری 1994 ہے جب کہ دوسرے شناختی کارڈ میں اُن کا نام محمد سلمان اور تاریخ پیدائش یکم فروری 1993 ہے۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق کاغذات نامزدگی میں ان کا نام محمد سلمان ہے جب کہ ٹیکس ریٹرن میں سلمان نعیم ہے۔ محمد سلمان نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے ایک دن پہلے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں ساڑھے 17 کروڑ روپے جمع کرائے جہاں ان کا نام سلمان نعیم ہے۔
