لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار آج لاہور میں اہم مقدمات کی سماعت کر رہے ہیں۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ اتوار کو بھی مقدمات سماعت کر رہا ہے۔
سپریم کورٹ رجسٹری میں پنجاب بھر کی نجی یونیورسٹیز کے خلاف ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہو گی۔ دو رکنی بینچ نے نجی یونیورسٹیز کے مالکان کو آج عدالت میں طلبی کے نوٹس جاری کیے تھے۔
عدالت نے نجی یونیورسٹیز کے خلاف کیس میں ایڈوکیٹ ظفر اقبال اور عزیزبھنڈاری کو عدالتی معاون مقرر رکھا ہے۔
عدالتی معاون آج نجی یونیورسٹیوں کے متعلق رپورٹ بھی پیش کریں گے۔
لاہور رجسٹری میں یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا کے خلاف کیس کی سماعت بھی آج ہو رہی ہے۔
سپریم کورٹ نے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) بشیر میمن سے یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا کے متعلق انکوائری رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کا دو رکنی بینچ آج سائلین کی درخواستوں پر بھی سماعت کرے گا جب کہ عدالت میں چیف سیکرٹری پنجاب، ڈی جی ایف آئی اے، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سمیت دیگر افسران پیش ہوں گے۔
