اسلام آباد: ضمنی انتخابات کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں امیدواروں نے شکایات کے انبار لگا دیے۔
تحریک انصاف کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے جس کے مطابق ہمایوں اختر نے لاہورضمنی انتخابات میں پولیس اور بیوروکریسی کی مداخلت کی شکایت کر دی۔
ہمایوں اختر کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے حامی افسران انتخابی مہم پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ن لیگ نے خالی پلاٹوں پر بھی ووٹ درج کر رکھے ہیں۔
وزیراعظم نے اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا کہ حکومت ضمنی انتخابات میں کوئی مداخلت نہیں کر سکتی، حکومت سے کسی قسم کی مداخلت کی توقع نہ رکھی جائے۔
پاکستان تحریک انصاف کا اہم اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں ہوا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری، شفقت محمود، وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق، گورنر سندھ چوہدری سرور، افتخار درانی، زلفی بخاری اور ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے تحریک انصاف کے امیدوارشریک ہوئے۔
اجلاس میں اگلے ماہ ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
