اسلام آباد: سابق دورحکومت میں شروع کی گئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے 82 ہزار آٹھ سو افرار نے فائدہ اٹھایا۔
مسلم لیگ نون کی سابقہ حکومت نے اس سال کے اوائل میں پاکستانیوں کو اپنے اثانے اور دولت ظاہر کرنے، ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے اور خاص کر بیرون ملک اثاثے ظاہر کرنے پر مائل کرنے کے لیے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم شروع کی تھا۔ اس ایمنسٹی اسکیم سے کتنے لوگوں نے فائدہ اٹھایا ہم نیوز نے تفصیلات حاصل کر لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے 82 ہزار آٹھ سو افراد نے فائدہ اٹھایا جن میں سے بیرون ملک مقیم پانچ ہزار تین سو 56 پاکستانی اسکیم سے مستفید ہوئے۔
پاکستان میں رہنے والے 77 ہزار پانج سو افراد نے اس اسکیم سے فائدہ اٹھایا۔ اسکیم کے تحت ڈھائی سو ارب روپے کے اثاثے ظاہر کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق ہزاروں افراد نے اپنے اثاثے ظاہر کیے لیکن ٹیکس جمع نہیں کرایا۔ ٹیکس جمع نہ کرانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ایسے افراد کو جائیداد کا 35 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
اسکیم سے سب سے زیادہ فائدہ یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں نے اٹھایا۔ اس کے علاوہ امریکہ اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی بھی اسکیم سے مستفید ہوئے۔ ایف بی آر کو اسکیم سے ایک سو 25 ارب روپے حاصل ہوئے۔
