سوات: مالاکنڈ ڈویژن کے سات اضلاع میں آٹھ ماہ کے دوران 346 افراد نے خودکشی کی ہے۔
پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ واقعات سوات میں رجسٹرڈ ہوئے جہاں 222 افراد نے اپنی جان لے لی جبکہ بونیر میں 73، شانگلہ میں 26 اور دیر لوئر میں 15 افراد نے خودکشی کی۔
اسی طرح پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چترال میں نو اور دیر اپر میں خودکشی کا ایک کیس سامنے آیا ہے۔ خودکشیوں کے ان واقعات میں زیادہ تعداد خواتین کی ہے۔
تحصیل کی سطح پر دیکھا جائے تو تحصیل مٹی میں سب سے زیادہ 33 افراد نے اپنی جان لی۔
خودکشی کے زیادہ تر واقعات گھریلو تنازعات اور بے روزگاری کی وجہ سے رونما ہوئے۔
گزشتہ کچھ عرصے سے خیبرپختونخوا میں خودکشی کے بڑھتے رجحانات نے میڈیا کو اپنی طرف متوجہ کیا تھا جس کے بعد حکومتی ادارے بھی متحرک ہونے لگے ہیں۔
