کوئٹہ: بلوچستان کابینہ نے صوبائی وزرا سے اضافی گاڑیاں واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں کہا گیا کہ صوبائی وزرا دو گاڑیوں کے استعمال کے مجاز ہیں اسی لیے وہ اضافی گاڑیاں فوری طور پر واپس کریں۔
اجلاس میں بلوچستان کابینہ نے صوبے کے ہر ضلع میں ایک ریذیڈنشل کالج کے قیام کی منظوری بھی دی جبکہ ایک سے گیارہ گریڈ تک کے اہلکاروں کے تبادلے اور تقرریوں کا اختیار سیکرٹری کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں غیرمعیاری ترقیاتی منصوبوں کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا، اسی طرح دیگر صوبوں میں چلنے والی حکومت بلوچستان کی گاڑیوں کے حصول کے لیے موثر کارروائی کی ہدایت کی گئی۔
کوئٹہ کابینہ نے شراب خانوں، شراب کی فیکٹریوں، وائن اسٹورز کے لائسنس اور شراب کی درآمد پر عائد ایکسائز ڈیوٹی اور فیس اضافہ کی منظوری بھی دی۔
