اسلام آباد: سپریم کورٹ نے دیامر بھاشا ڈیم کے اکاؤنٹ ٹائٹل کے تبدیلی کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ اور وزیراعظم پاکستان سے منسوب مشترکہ ٹائٹل رکھ لیا جائے۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ڈیمز فنڈ مہم سپریم کورٹ نے شروع کی تھی لیکن اگر اس میں کوئی بھی حصہ دار بنتا ہے تو مجھے خوشی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیمز فنڈز اکاؤنٹ کے لیے سپریم کورٹ پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کا مشترکہ ٹائٹل رکھ لیا جائے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ اگر وزیر اعظم سپریم کورٹ کی فنڈز جمع کرنے کی مہم میں شامل ہوتے ہیں تو ہم خوش آمدید کہتے ہیں اور اگر ڈیم فنڈ کا ٹائٹل تبدیل کردیا گیا ہے تو یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔
سپریم کورٹ کے جج کا کہنا تھا کہ ٹائٹل کی تبدیلی کی صورت میں بھی اکاونٹ نمبر تو وہی رہے گا۔
ڈیمز کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے فنڈز کا اکاؤنٹ چیف جسٹس کی ہدایت پر پانچ جولائی کو فعال کیا گیا تھا اور اکاؤنٹ میں چھ جولائی سے رقم جمع ہونا شروع ہوئی تھی۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے دیامیر اور بھاشا ڈیم کے لیے قائم کیے گئے اکاؤنٹ میں رقوم کے جمع ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں مقیم افراد کے علاوہ دیگر ملکوں کے ڈونرز بھی ڈیمز فنڈ میں رقوم جمع کرا رہے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے لیے پاکستانی عوام ملک بھر کی 16 ہزار بینک برانچوں میں اپنے عطیات جمع کرا سکتے ہیں۔
سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے کہ اکاؤنٹ میں جمع ہونے والا فنڈ کسی اور جگہ استعمال نہیں ہوگا۔
24 ستمبر تک ڈیم فنڈ میں مجموعی طور پر تین ارب 74 کروڑ 94 لاکھ 47 ہزار روپے سے زائد رقم جمع ہو چکی ہے۔ متعدد افراد اور اداروں نے ڈیم فنڈ میں رقم دینے کے وعدے اور اعلانات بھی کر رکھے ہیں۔
