باجوڑ: خیبرپختونخوا ( کے پی ) کے ضلع باجوڑ میں باراتیوں کی تیز رفتار گاڑیاں ٹکرانے سے 18 افراد زخمی ہو گئے۔
باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے سیوئی میں پیش آنے والے حادثے کے زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں قریبی ہیڈکواٹر اسپتال خار منتقل کیا گیا جبکہ شدید زخمیوں کو پشاور منتقل کر دیا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں۔ زخمیوں کو مقامی افراد اور باراتیوں کی مدد سے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق تاحال جتنے بھی زخمی اسپتال لائے گئے ہیں انہیں ہنگامی بنیادوں پر ابتدائی طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ شدید زخمی افراد کو طبی فوری طبی امداد دینے کے بعد پشاور اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سیوئی میں حادثے کے بعد ٹریفک کا نظام بھی شدید متاثر ہوا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں تاہم پولیس اور مقامی انتظامیہ نے فوری طور پر ٹریفک کو بحال کرنے کی کوششیں شروع کر دیں اور جلد ہی ٹریفک بحال کر دیا گیا۔
