جکارتہ: انڈونیشیا میں جاری ایشین گیمز کے 15 ویں دن ہاکی مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کانسی کے تمغے کے لیے میدان میں اتریں گی۔
ایشین گیمز میں پاکستان نے تھائی لینڈ، اومان، قازقستان، ملائیشیا اور بنگلہ دیش کو ہرا کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی جب کہ کے بھارت نے انڈونیشیا، ہانگ کانگ، جاپان، کوریا اور سری لنکا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
روایتی حریفوں سے فائنل میں ٹکرانے کی امید کی جارہی تھی لیکن سیمی فائنل میں پاکستان کو جاپان سے 0-1 اور بھارت کو ملائیشیا سے 6-7 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان نے ایشین گیمز کے ہاکی مقابلوں میں 40 سے زائد گول اسکور کیے اور سیمی فائنل تک ناقابل شکست رہا جب کہ بھارت نے مخالف ٹیموں کے خلاف 70 سے زائد گول اسکور کیے۔
آج یکم ستمبر کو دونوں ٹیمیں ہاکی ایونٹ میں تیسری پوزیشن کے لیے ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی۔
ایشین گیمز کی تاریخ میں دوسری بار ایسا ہو رہا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں سے کوئی بھی ٹیم فائنل نہیں کھیلے گی۔ قبل ازیں 2006 میں ہاکی کا فائنل جنوبی کوریا اور چین کے درمیان کھیلا گیا تھا۔
قومی ٹیم ایشن گیمز میں آٹھ بار فاتح رہ چکی ہے جب کہ بھارت نے صرف تین بار ہی گولڈ میڈل جیتا ہے۔
