اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کے پول میں 200 سے زائد گاڑیاں اضافی رکھی گئی تھیں جنہیں نیلام کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ گاڑیاں مارکیٹ ریٹ سے زیادہ میں فروخت ہوں گی، پانچ کروڑ کی گاڑی چھ کروڑ میں بیچی جائے گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ دنیائے کرکٹ میں نیوٹرل امپائر کا تصور عمران خان نے دیا، حکومت چاہتی ہے کہ انتخابی نتائج پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔
ان کے ساتھ موجود پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے کہا کہ رزلٹ ٹرانسمشن سسٹم (آر ٹی ایس) کے بارے میں تحقیقات ہونی چاہئیں، الیکشن کی رات 2 بجے تک 42 ہزار 262 رزلٹ موصول ہو چکے تھے۔ ہم ثابت کریں گے کہ الیکشن صاف اور شفاف تھے۔
اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ ہر پریزائیڈنگ آفیسر کے پاس اس کے موبائل میں رزلٹ کی تصویر موجود ہے لیکن یہ بات سمجھ سے باہر ہے کہ 12 بجے کے قریب شہباز شریف کو کیسے پتہ چلا کہ سسٹم بند ہو گیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ شفاف تحقیقات کے لیے چیئرمین نادرا کو چند دنوں کے لیے ان کے عہدے سے ہٹا دیا جائے۔
انہوں نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف اوران کے اہل خانہ کے سفری اخراجات اربوں روپے میں ہیں۔ حسن، حسین اور مریم نواز کے سفری اخراجات پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے۔
اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بچوں کے ہیلی کاپٹر اخراجات 62 لاکھ 30 ہزار روپے سے زائد ہیں اور سفری اخراجات کا اڑھائی کروڑ کا بل نواز شریف کو بھیجا جائے گا۔
