اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جاپان اور پاکستان میں دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارت سرمایہ کاری اور انسانی وسائل کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
یہ بات انہوں نے جاپانی وزیرمملکت برائے خارجہ امور کازویو سے ملاقات کے دوران کہی، انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے۔
عمران خان نے جاپان کی طرف سے سماجی شعبےمیں تعاون کو سراہا جبکہ جاپان کے وزیراعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
اس موقع پر جاپان کے وزیرمملکت برائے خارجہ امور نے عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور انہیں جاپانی وزیراعظم شنزو آبے کی جانب سے پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا پیغام پہنچایا۔
اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف پاکستان پہنچے تھے جبکہ جاپانی وزیرمملکت خارجہ امور کازویو کل رات اسلام آباد پہنچے ہیں، نئی حکومت کے قیام کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔
