اسلام آباد: وفاقی وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جاپان کے سرمایہ کاروں کو دعوت دی ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے موجود مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
انہوں نے یہ دعوت جاپان کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور کازوکی ناکانے سے جمعہ کے روز کی گئی ملاقات کے دوران دی۔
جاپان کے وزیرمملکت برائے خارجہ نے مخدوم شاہ محمود قریشی کو وزیرخارجہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور دورہ جاپان کی دعوت دی۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور زیر غورلائے گئے اور پاکستان و جاپان کے مابین اقتصادی ترقی و دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دونوں ممالک کے مابین تجارتی توازن کو درست کرنے کی نشاندہی بھی کی۔
پاکستان کے وزیرخارجہ نے جاپان کے وزیرمملکت برائے خارجہ امور سے کہا کہ پاکستان میں جونئے تجارتی و اقتصادی مواقع پیدا ہوئے ہیں ان پر جاپان کے سرمایہ کاروں کو توجہ دینی چاہیے۔
جاپان کے وزیر مملکت برائے خارجہ جمعرات کو پاکستان پہنچے ہیں۔ اپنے دورہ کے دوران وہ اعلی پاکستانی قیادت سے مزید ملاقاتیں بھی کریں گے۔ جاپانی رہنما وزارت خزانہ میں پاکستان جاپان ڈویلپمنٹ اسسٹنٹ پراجیکٹ معاہدہ کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
