راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کے دورے میں دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کی تعریف کی اور کہا کہ قوم کے تعاون سے تمام چیلنجز کو شکست دیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت نے وزیر اعظم اور وزرا کو بریفنگ دی، وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج کی صلاحیت اور استعداد کار بڑھانے کے لیے حکومت مکمل تعاون کرے گی، پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان ترقی کرے گا اور دنیا میں اپنا مقام پیدا کرے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خزانہ، داخلہ، خارجہ اور اطلاعات کے وزرا بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔
PM visited GHQ. “Appreciated contributions & sacrifices of Pakistan Army in war against terrorism. “Pakistan is facing external and internal challenges but with support of the nation and through a cohesive national approach, we shall successfully overcome these”, PM. pic.twitter.com/YT5lG5VqyD
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) August 30, 2018
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جی ایچ کیو آمد اور پاک فوج پر اعتماد کے اظہار پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاک فوج دفاع وطن کے لیے قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔
جی ایچ کیو آمد پر وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، وزیراعظم نے یادگارشہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔
وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جی ایچ کیو کا یہ شاندار دورہ تھا، وزیراعظم اور کابینہ کے دیگر ارکان نے دنیا کی بہترین فوج کی کمانڈ سے ملاقات کی جہاں انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کے درمیان تعاون اور رابطوں کے ذریعے پاکستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پائیں گے۔
A wonderful Visit of GHQ today. PM and members of the Cabinet are Proud to meet Command of World’s best Army.A detailed briefing in GHQ was of great value. With close coordination n cooperation amongst all institutions we shall overcome all challenges confronting Pakistan.
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) August 30, 2018
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کے مطابق جی ایچ کیو پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کا استقبال آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کیا۔
وزیراعظم کو ملک میں جاری سکیورٹی آپریشنز، دفاع، اندرونی سلامتی اور پیشہ ورانہ امور سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ افغانستان اور بھارت کے ساتھ سرحدوں کی صوتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔ بریفنگ میں فائنینشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف) کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بریفنگ میں شامل شرکا نے دہشتگروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگری کے خلاف جنگ میں اپنے حصے کا کردار فعال طریقے سے ادا کرے گا تاہم خطے میں پائیدار امن کے لئے دیگر ممالک کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیر اعظم اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کے درمیان نیشنل ایکشن پلان کے نکات پر عمل درآمد سے متعلق مشاورت ہوئی، آرمی چیف نے افغان قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیل سے بھی آگاہ کیا۔
