اسلام آباد: اپوزیشن جماعت ن لیگ نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو قومی اسمبلی میں پہنچانے کے لیے لاہور سے ضمنی الیکشن لڑانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی خبر میں کہا گیا ہے کہ ن لیگ، شاہد خاقان عباسی کو لاہور سے حمزہ شہباز کی خالی کی گئی نشت پر ضمنی الیکشن لڑائے گی۔
پنجاب اسمبلی میں رکنے کے فیصلہ کے بعد حمزہ شہباز نے لاہور سے قومی اسمبلی کی جیتی ہوئی نشست خالی کر دی تھی۔
25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران شاہد خاقان عباسی نے مری اور اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے دو حلقوں سے انتخاب لڑا تھا تاہم وہ دونوں جگہوں سے کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے گزشتہ دنوں اعلان کیا گیا تھا کہ خالی کردہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر 14 اکتوبر کو ضمنی انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔ ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی 28 اگست سے وصول کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
انتخابی کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ کل مورخہ 31 اگست کو ضمنی الیکشن لڑنے والے امیدواران کی فہرست جاری کی جائے گی۔ کاغذاتِ نامزدگی کی سکروٹنی کی آخری تاریخ چار ستمبر ہے۔ کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل کی آخری تاریخ آٹھ ستمبر ہو گی۔
ضمنی انتخابات کے لیے اپیلیٹ ٹریبیونل کی جانب سے اپیلوں پر فیصلے کی آخری تاریخ 13 ستمبر ہے جس کے بعد امیدواروں کی نئی لسٹ 14 ستمبر کو آویزاں کی جائے گی۔ امیدواروں کے نام خارج کرنے کی آخری تاریخ 15 ستمبر ہو گی۔ اسی روز ضمنی الیکشن کے امیدواران کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی جب کہ 16 ستمبر کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کئے جائیں گے۔
