لاہور: پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کا نوٹیفکیشن جاری کیے بغیر ہی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس چار ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں رائے دہی کے لیے بلایا گیا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے منصب سنبھالتے ہی ڈپٹی اسپیکر اور قائد ایوان کے انتخابات کرائے تھے لیکن قائد حزب اختلاف کا نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں ہو سکا ہے۔
پنجاب میں حزب اختلاف کی جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے اعتراض دور کرنے کی درخواستوں کے باوجود نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔
اسپیکر آفس نے اعتراض اٹھایا تھا کہ حمزہ شہباز کی جانب سے قائد حزب اختلاف کے عہدے کے لیے جو درخواست دی گئی ہے اس پر کئے گئے دستخط متعلقہ اراکین اسمبلی کے نہیں ہیں۔
اعتراض کے جواب میں 13 اراکین اسمبلی نے اسپیکر آفس کو تحریری طور پر بتایا تھا کہ دستخط ان کے ہی ہیں۔
اپوزیشن رہنما نے الزام لگایا ہے کہ اسپیکر اسمبلی پی ٹی آئی قیادت کے کہنے پر اپوزیشن کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ حزب اختلاف نے عندیہ دیا ہے کہ چار ستمبر کو صدارتی انتخاب کے موقع پر پنجاب اسمبلی میں بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔
