اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر لیاقت کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے قائد عمران خان پر پورا اعتماد ہے، وزیراعظم نے ان کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور معاملات درست کرنے کے لیے کچھ وقت مانگا ہے۔
ہم نیوز کے پروگرام ’نیوزلائن‘ میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے عامر لیاقت نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عوام سے جو وعدے کیے ہیں ان میں پروٹوکول جیسی غیر ضروری چیزیں ختم کرنا شامل ہے۔ انہوں نے عوام سے سادگی لانے کا وعدہ کیا ہے اور سادگی کا مطلب صرف چائے بسکٹ کھلانا نہیں ہوتا۔
پروگرام میں موجود تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ میڈیا اور اپوزیشن کی تنقید کو خوش آمدید کہتے ہیں، ان سب لوگوں کی تنقید سے ہی پارٹی کی اصلاح ہو گی۔
گورنرسندھ کے پروٹوکول کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کو شاید معلوم نہ ہو کہ ان کو اتنی گاڑیاں لینے آئی ہیں، اس واقعے کی تحقیقات ضرور کی جائیں گی، کوئی غلطی کرے گا تو اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پرانے پاکستان سے نئے پاکستان تک جانے میں تھوڑا وقت لگے گا، ہم اپنی پارٹی کے منشور اور وزیراعظم کی تقریر پر قائم ہیں، جو بھی غلطی کرے گا اس کے خلاف تحقیقات کر کے ایکشن لیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ انہیں جہاز استعمال کرنے کا حق حاصل ہے، پرانے سربراہوں کی طرح ان کی اولادیں یہ جہاز استعمال نہیں کر رہیں۔
پروگرام میں شریک پیپلز پارٹی کے رہنما اخونزادہ چٹان نے کہا کہ ملک کو راتوں رات بدلنے کے تحریک انصاف کے تمام دعوے غلط تھے، انہوں نے قوم سے جھوٹ بولا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان 10، 15 سال سے تبدیلی لانے کا رونا رو رہے تھے، انہوں نے بہت سی چیزوں پر ہمیں اور باقی سیاسی جماعتوں کو گالیاں دیں تو آج وہی کام خود کیوں کر رہے ہیں اور آج انہی لوگوں کے ساتھ کیوں بیٹھ رہے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف سابق حکمرانوں کا حوالہ دینا چھوڑ دے کیونکہ نوازشریف اور آصف علی زرداری نے عمران خان کی طرح پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کا نہیں کہا تھا۔
پروگرام میں موجود ن لیگ کے رہنما چوہدری جعفر اقبال کا کہنا تھا کہ پچھلے دور میں پی ٹی آئی کو یہ بھی علم ہوتا تھا کہ ہماری پارٹی میں کھانے کا کیا مینو ہے لیکن آج اعجاز چوہدری کہتے ہیں کہ انہیں گورنر کے پروٹوکول کا پتا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ آج وہی سب کام خود کر رہے ہیں جن پر کل یہ تنقید کیا کرتے تھے۔
