اسلام آباد: دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل ( ایم ایم اے ) کے صدر اور جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بطور صدارتی امیدوار دیگر جماعتوں سے رابطے تیز کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن بدھ کے روز کراچی جائیں گے جہاں وہ گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے)، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیوایم)، پاکستان پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ مولانا فضل الرحمن سیاسی جماعتوں سے صدارتی انتخاب کے لیے حمایت کی درخواست کریں گے، ان ملاقاتوں کے دوران مولانا عبدالغفور حیدری بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
اس حوالے سے مولانا فضل الرحمن جی ڈی اے اور ایم کیو ایم سے پہلے بھی ٹیلی فونک رابطے کر چکے ہیں، اب ان جماعتوں کے ساتھ باقاعدہ ملاقات کریں گے جس کا مقصد صدارتی انتخابات کے لیے حمایت حاصل کرنا ہے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی مولانا فضل الرحمن سے رابطہ کیا ہے تاکہ انہیں اعتزاز احسن کی حمایت کے لیے راضی کیا جا سکے۔
حکمراں جماعت کی جانب سے عارف علوی کو صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی نے اعتزاز احسن اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے۔
