پاکپتن: انویسٹی گیشن آفیسر اوکاڑہ شاکر احمد شاہد کو ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) پاکپتن کا عارضی چارج دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے ڈی پی او شاکر احمد شاہد ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف پاکپتن سے ملاقات کے بعد آفس میں پہنچ گئے ہیں۔
اس سے قبل خاتون اول بشری بی بی کے سابقہ شوہر خاور مانیکا کو ناکے پرروکنے پر ڈی پی او رضوان گوندل کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، ان اہلکاروں پر الزام تھا کہ انہوں نے خاور مانیکا کے ساتھ غلط زبان استعمال کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے خاور فرید مانیکا سے معافی مانگنے سے صاف انکار کر دیا اور کہا تھا کہ اس میں پولیس کا کوئی قصور نہیں۔
چند روز قبل سکھ پور کے قریب ایلیٹ فورس پولیس نے اس وقت بشری بی بی کے سابق شوہر کی گاڑی کو روکا جب وہ لاہور سے پاکپتن آ رہے تھے۔ پولیس نے ان سے پوچھ گچھ کرنا چاہی جس پر وہ رکے نہیں اور گاڑی آگے بڑھا دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بشری بی بی کے سابق شوہر کے نہ رکنے پر پولیس کی گاڑی نے ان کا تعاقب بھی کیا۔ معاملہ منظرعام پر آنے کے بعد ڈی پی او رضوان عمر کو معامی مانگنے کا کہا گیا تھا۔
