کراچی: گورنر سندھ کی تقریب حلف برداری 27 اگست بروز پیر کو شام 6 بجے منعقد ہوگی۔
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل سے حلف لیں گے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ عمران اسماعیل سندھ کے 33ویں گورنر ہوں گے۔
رہنما تحریک انصاف عمران اسماعیل نے میڈیا سے کی گئی گفتگو میں کہا تھا کہ وہ اس عہدے کے لیے منتخب کرنے پر وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بہت شکرگزار ہیں اور میرے لیے یہ بہت فخر کی بات ہے کہ میرے چیئرمین اور جماعت نے مجھ پر بھروسہ کیا اور اتنی بھاری ذمےداری کے قابل سمجھا۔
دوسری جانب عمران اسماعیل کو مخالفین کی جانب سے کڑی تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔ خاص طور پر پیپلزپارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے ہی دعوؤں کی نفی کرتے ہوئے ایک انٹر پاس کو سندھ کا گورنر بنانے کا فیصلہ کرلیا تاہم پی ٹی آئی نے بھی اس تنقید کا بھرپور جواب دیا ہے۔
