اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کو گورنر بلوچستان نامزد کر دیا۔
بلوچستان کے نامزد گورنر ڈاکٹر امیر محمدخان کا تعلق بلوچستان کے ضلع لورالائی سے ہے۔ صوبے کے ممتاز معالج ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی بلوچستان کے جوگزئی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، جن کے والد بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے قریبی ساتھی تھے۔
ڈاکٹر امیر محمد جوگزئی کے بڑے بھائی گل محمد خان جوگزئی بھی بلوچستان کے گورنر رہ چکے ہیں، امیر محمد جو گزئی بچوں کے معالج کی حثیت سے چلڈرن اسپتال کوئٹہ کے چیف کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں.
تحریک انصاف نے اقتدار میں آتے ہی چاروں صوبوں کے گورنرز کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد سے پنجاب کے لیے چوہدری محمد سرور، خیبر پختونخوا میں شاہ فرمان اور سندھ کے لیے عمران اسماعیل کو گورنر نامزد کیا گیا۔
موجودہ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ہیں جو کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے بڑے بھائی ہیں اور وہ 11 جون 2013 سے اس منصب پر فائزہیں۔
