جکارتہ: انڈونیشیا میں جاری 18 ویں ایشین گیمز میں ہاکی کے میدان سے پاکستان کو دوسری بڑی فتح ملی ہے۔ آج کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے کزاقستان کو 0-16 سے شکست دے دی۔
پاکستان اور کزاقستان کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں محمد توثیق نے چار،ابو بکرنے تین، علی شان ،عمر بھٹہ اور رضوان علی نے دودو گول کیے جب کہ محمد دلبر،محمد عتیق ،علی مبشر نے ایک ایک گول اسکور کیا۔
تھائی لینڈ اور عمان کے بعد آج کزاقستان کو شکست دے کر قومی ٹیم نے گروپ میچز میں فتوحات کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کرلی ہے۔
اس سے قبل بدھ کو کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے عمان کو صفر کے مقابلے میں 10 گول سے شکست دے کر ایک اور معرکہ مارا تھا۔
عمان کےخلاف میچ میں علی شان نے تین جب کہ محمد دلبر اورمحمد عمران نے دو دو گول کر کے پاکستان کی فتح یقینی بنائی۔
ایونٹ میں پاکستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے جس میں ملائیشیا، عمان، بنگلہ دیش، تھائی لینڈ اورانڈونیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔
قومی ہاکی ٹیم ٹورنامنٹ کا ایشین گیمز کے سلسلے میں اپنا اگلا میچ 24 اگست کو انڈونیشیا کے خلاف کھیلے گی۔ گرین شرٹس کا مقابلہ 26 اگست کو ملایشیا اور 28 اگست کو بنگلہ دیش سے ہونا باقی ہے۔
سیمی فائنل اورفائنل میچ بالترتیب 30 اگست اور یکم ستمبر کو کھیلے جائیں گے جس میں پاکستان کا مقابلہ اپنے روایتی حریف بھارت کے ساتھ ہو سکتا ہے۔
