جکارتہ: ایشین گیمز 2018 کے ہاکی مقابلوں میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو دس کے مقابلے میں صفر گول سے شکست دے دی، دوسری جانب پاکستانی ریسلر نے افغان حریف کو ہرا کر کواٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
پیر کے روز ہونے والے میچ میں پاکستان کی جانب سے محمد عتیق تین گول کرکے نمایاں رہے جب کہ محمد ابو بکر، محمدعرفان اور توثیق ارشد نے دو دو جب کہ مبشر علی نے ایک گول اسکور کیا۔
قومی ہاکی ٹیم ٹورنامنٹ کا ایشین گیمز کے سلسلے میں اپنا آئندہ میچ اومان کے خلاف کھیلے گی۔ گرین شرٹس کا مقابلہ 24 اگست کو انڈونیشیا، 26 کو ملایشیا اور 28 اگست کو بنگلہ دیش سے ہوگا۔
ایونٹ میں پاکستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے جس میں ملائیشیا، عمان، بنگلہ دیش، تھائی لینڈ اورانڈونیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔
پاکستان کا روایتی حریف بھارت سے مقابلہ سیمی فائنل یا فائنل میں ممکن ہے جو باالترتیب 30 اگست اور یکم ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔
ایشین گیمز2014 میں قومی ہاکی ٹیم نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
ایشین گیمز 2018 ریسلنگ مقابلے:
ایشین گیمز 2018 کے ریسلنگ مقابلوں میں پاکستانی پہلوان طیب اعوان نے افغان حریف کو شکست دے کر کواٹر فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔
125 کلو گرام اوپن ویٹ کیٹگری کے مقابلوں میں طیب اعوان نے سید خالد ہاشمی کو 11-2کے اسکور سے چت کیا۔ کواٹر فائنل میں پاکستانی پہلوان کا مقابلہ چینی پہلوان ڈینگ شیوائی سے ہو گا۔
