جکارتہ: انڈونیشیا میں جاری ایشین گیمز میں قومی فٹبال ٹیم کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں جمعرات کو پاکستان کو جاپان نے صفر کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا، اس سے قبل قومی ٹیم کو پہلے میچ میں ویتنام کے ہاتھوں یک طرفہ مقابلے کے بعد 3 گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کھیل کے آغاز سے لے کر آخر تک جاپانی کھلاڑی قومی ٹیم پر حاوی رہے اور پاکستانی گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کرتے رہے۔
میچ کے دوسرے ہی منٹ میں جاپانی کھلاڑی یوٹو ایواساکی نے بال کو جال میں پھینکتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی، 9 ویں منٹ میں ریو ہٹاٹے نے دوسرا گول کرکے اس برتری کو دگنا کر دیا۔
ابھی ناتجربہ کارپاکستانی ٹیم اس حملے سے سنبھل ہی نہیں پائی تھی کہ اگلے ہی منٹ میں ڈیزان مائیڈا نے برتری کو 3-0 صفر پر پہنچا دیا۔
اگرچہ قومی ٹیم نے جاپانی گول پر کئی حملے کیے تاہم ان میں سے کوئی بھی کامیاب نہ ہو سکا۔
35 ویں منٹ میں یوٹو ایواساکی نے انفرادی طور پر دوسرا گول اور اپنی ٹیم کی جانب سے چوتھا گول اسکور کیا، پاکستانی کھلاڑی کوشش کے باوجود کوئی گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور اس طرح جاپان نے میچ 4-0 سے اپنے نام کیا۔
