اسلام آباد: ایرانی مجلس شوریٰ اسلامی کے اسپیکر علی لاریجانی نے قومی اسمبلی کے نومنتخب اسپیکر اسد قیصر کو ٹیلی فون پر مبارک باد دی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے مابین قریبی روابط خطے میں امن واستحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔
علی لاریجانی نے نومنتخب اسپیکر کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پرامن انتقال اقتدار جمہوریت کے استحکام کے لیے خوش آئند ہے۔
دوران گفتگو اسد قیصر نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے دونوں ممالک کی پارلیمنٹس کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور علی لاریجانی کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کو اپنا دوست اور بھائی تصور کرتا ہے، اسد قیصر اورعلی لاریجانی نے ایک دوسرے کو اپنے اپنے ملک کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر حامد عبید ابراہیم سالم الا ظبی نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں اسد قیصر سے ملاقات کی اورانہیں قومی اسمبلی کا اسپیکر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔
