لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما چوہدری محمد سرور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پنجاب کا گورنر نامزد کیے جانے پرچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور پی ٹی آئی کے مشکور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو اعتماد عمران خان اور لیڈر شپ نے کیا ہے، وہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے کیونکہ صوبہ پنجاب کا گورنر بننا اعزاز کی بات ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے بتایا کہ انہوں نے عوام اور دوستوں کو بتا دیا ہے کہ انشا اللہ پوری دیانتداری سے عہدہ نبھانے کی کوشش کروں گا۔
چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ احتساب اور اخراجات کم کرنے کا آغاز عمران خان بطور وزیر اعظم اپنی ذات سے شروع کریں گے، میری اولین ترجیح اپنے قائد کی تقلید ہو گی، کوشش کی جائے گی کہ شاہانہ اخراجات کم ہوں اور کفایت شعاری سے چلا جائے۔
رہنما پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ وہ احتساب اور قانون کی عملداری چاہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہمارا احتساب سب کریں کیونکہ ملک میں کرپشن برداشت نہیں کریں گے۔
چوہدری محمد سرور پیپلز پارٹی اور نون لیگ کے دور حکومت میں 2013 سے 2015 تک بطور گورنر پنجاب خدمات انجام دے چکے ہیں، انہیں جولائی 2013 میں اس وقت کے صدر آصف علی زرداری نے گورنر پنجاب تعینات کیا تھا۔
بعدازاں 2015 میں ان کے نواز شریف اور شہباز شریف سے اختلافات کی خبروں نے گردش کرنی شروع کردی جس کے چند دنوں بعد انہوں نے اپنا استعفی دے دیا۔
چوہدری محمد سرور ’مسلم فرینڈ آف لیبر‘ کے بانی چیئرمین بھی رہ چکے ہیں اور برطانیہ میں اپنے قیام کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات میں پل کا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
تقریباً تین دہائی قبل ٹوبہ ٹیک سنگھ سے برطانیہ منتقل ہونے والے چوہدری سرور کو ہاؤس آف کامنز کی تاریخ میں پہلا مسلمان رکن ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے تاہم اب وہ اپنی برطانوی شہریت ترک کر چکے ہیں۔
