اسلام آباد: پاکستان کی 15 ویں قومی اسمبلی وجود میں آگئی ہے، آئیے آج ہم آپ کو پاکستان کی قومی اسمبلی کے بارے میں کچھ دلچسپ معلومات بتاتے ہیں۔
سابق صدر آصف زرداری اور دو سابق وزرائے اعظم راجہ پرویز اشرف اور میاں محمد سومرو نے رکن قومی اسمبلی کے طور پرحلف اٹھایا۔
6 سابق وزرائے اعلیٰ نے بطور رکن قومی اسمبلی حلف اٹھایا ہے جن میں شہبازشریف، پرویز خٹک، اختر مینگل، امیر حیدرخان ہوتی، علی محمد مہر اور آفتاب شبعان میرانی شامل ہیں۔
اسی طرح 7 سیاسی جماعتوں کے سربراہوں نے بھی بطور رکن قومی اسمبلی حلف اٹھایا جن میں عمران خان، بلاول بھٹو زرداری، آصف زرداری، خالد مقبول صدیقی، اختر مینگل، شیخ رشید اور شہبازشریف شامل ہیں جو اپنی اپنی جماعتوں کے سربراہ ہیں۔
اسی طرح سابق وزرائے خارجہ شاہ محمود قریشی، حنا ربانی کھر ،خرم دستگیر اور خواجہ آصف بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں جبکہ تین سابق وزرائے دفاع خرم دستگیر، خواجہ آصف اور نوید قمر نے بھی حلف اٹھایا ہے۔
حلف اٹھانے والوں میں تین باپ بیٹوں کی جوڑی یعنی آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، شاہ محمود قریشی، زین محمود قریشی، پرویز ملک اور علی پرویز ملک بھی شامل ہیں۔
اسی طرح ایک ماں بیٹی کی جوڑی یعنی طاہرہ اورنگزیب اور مریم اورنگزیب نے بھی رکن قومی اسمبلی کے طور پر حلف اٹھایا ہے، دو بہن بھائیوں حنا ربانی کھر اور رضا ربانی کھر نے بھی قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھایا ہے جبکہ دو بھائیوں حسن محمود اور مصطفیٰ محمود نے بھی رکنیت کا حلف لیا ہے۔
اس قومی اسمبلی میں چار میاں بیوں کی جوڑیوں نے بھی حلف لیا ہے جن میں جاوید شاہ جیلانی، مہرین رزاق بھٹو، پرویز ملک، شائستہ پرویز ملک، ریاض فتیانہ، آشفہ ریاض فیتانہ، خواجہ آصف اور مسرت آصف شامل ہیں۔
