پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر باجوڑ سے قومی اسمبلی کی نشست پرمنتخب ہونے والا ‘چائے والا’ گل ظفرکروڑپتی نکلا ہے۔
چائے بنانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تمام ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا میں شہرت حاصل کرنے والے گل ظفر کے اثاثوں کی تفصیلات ہم نیوز نے حاصل کر لی ہیں جن کے مطابق ان کے کل اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 14 لاکھ 80 ہزار روپے ہے۔
باجوڑ سے نو منتخب رکن اسمبلی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ چائے بنا رہے تھے، اس ویڈیو کی وجہ سے ہر کوئی انہیں چائے کی دکان کا مالک سمجھ بیٹھا اور یہ تاثر بہت سے ٹی وی چینلز، فیس بک پیجز اور ٹوئٹر پر پھیل گیا۔
حقیقت یہ ہے کہ ظفر خان گارمنٹس کے کاروبار سے وابستہ ہیں اور ان کے اثاثوں میں ایک سال کے دوران 14 لاکھ 80 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق ان کے اثاثوں میں ایک کروڑ روپے کی غیر منقولہ جائیداد شامل ہے جبکہ وہ ایک کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کے دو گھر اور زرعی زمین کے مالک بھی ہیں۔
اس کے علاوہ ان کی ملکیت میں ایک کسٹم پیڈ گاڑی، 10 تولہ سونا جبکہ ان کے بینک اکاؤنٹ میں 20 لاکھ روپے جمع ہیں اور ان کے پاس 10 لاکھ روپے مالیت کا گھریلو سامان ہے۔
