اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں حکومت سازی کے لیے اراکین کی تعداد پوری ہونے کا دعویٰ کردیا ہے جس کے مطابق انہیں 149 اراکین پنجاب اسمبلی کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔
تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے وفاق اور پنجاب میں نمبرز پورے کر لیے گئے ہیں۔ مسلم لیگ ق وفاق اور پنجاب میں حکومتی اتحاد کا حصہ بننے پر تیار ہو گئی ہے جبکہ جہانگیر ترین متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے اراکین سے ملاقات کریں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مرکز میں ایم کیو ایم کے چھ اور دیگر سات آزاد اراکین تحریک انصاف کے ساتھ ہیں جبکہ پنجاب میں اتحادیوں کو ملا کر واضح اکثریت حاصل کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت بنانے کے لیے بھی مشاورت جاری ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں بھی تحریک انصاف کی نشستوں کی تعداد 168 تک پہنچ گئی ہے جب کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کا فیصلہ عمران خان خود کریں گے۔
پنجاب میں تحریک انصاف کے 123 اراکین کامیاب ہوئے تھے جب کہ کامیاب ہونے والے 12 آزاد اراکین نے شمولیت کا اعلان کیا اور چھ آزاد اراکین نے جہانگیر ترین سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ مسلم لیگ ق کے آٹھ اراکین کی بھی تحریک انصاف کو حمایت حاصل ہے۔
