اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت سازی کے امور کو حتمی شکل دینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اجلاس آج (بروز اتوار) منعقد ہوگا۔
بنی گالہ میں منعقد ہونے والے اجلاس میں وہ نومنتخب اراکین اسمبلی بھی شرکت کریں گے جن سے پی ٹی آئی کے رہنما گزشتہ دنوں رابطے کر کے انہیں ایوان میں پارٹی کا ساتھ دینے یا پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے چکے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں وفاقی حکومت کی تشکیل سمیت پنجاب اورخیبرپختونخوا میں حکومتیں بنانے کے امور بھی زیرغورآئیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سندھ اور بلوچستان کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
عام انتخابات کے بعد قومی اسمبلی کے نتائج جاری ہوچکے ہیں جس کے تحت پاکستان تحریک انصاف کو 115 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) 64 اور پاکستان پیپلزپارٹی 43 نشستوں کے ساتھ ایوان زیریں میں براجمان ہوں گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کو اسمبلی میں حلف اٹھانے سے قبل پانچ نشستوں سے دستبرداری اختیارکرنا پڑے گی۔
چیئرمین پا کستان تحریک انصاف عمران خان کو پانچ نشستوں پر کامیابی ملی ہے توانہیں چار نشستوں سے دستبردار ہونا پڑے گا۔
پی ٹی آئی کے غلام سرور خان بھی دو نشستوں این اے 59 راولپنڈی اور این اے 63 راولپنڈی سے کامیاب ہوئے ہیں اس لیے انہیں بھی ایک نشست کی قربانی دینا ہوگی۔
قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس سے قبل جب پی ٹی آئی پانچ نشستوں سے دستبردارہوگی تو اس کی جنرل نشستیں حلف سے پہلے پانچ سیٹیں خالی رہ جائیں گی۔
آئینی و قانونی اعتبار سے وفاق میں حکومت تشکیل دینے کے لیے ایوان میں 172 نشستوں کی حمایت لازمی ہے۔
وفاق میں حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف نے سیاسی رابطوں کا آغاز کردیا ہے۔ مخلوط حکومت بنانے کے لیے چھوٹی چھوٹی جماعتوں اورآزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے اراکین اسمبلی سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔
