پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان(Sahibzada Farhan ) نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف اتوار کو ہونے والا مقابلہ بھی ایک نارمل میچ ہوگا اور قومی ٹیم اسی اعتماد اور حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترے گی جس طرح دیگر میچز میں کھیل رہی ہے۔
امریکا کے خلاف فتح کے بعد کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ میچ کی پچ بیٹنگ کے لیے سازگار تھی اور اس پر 190 رنز بنانا ایک بڑی کامیابی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے منصوبہ بندی کے تحت بیٹنگ کی اور مجموعی طور پر کھلاڑیوں کی کارکردگی اطمینان بخش رہی۔

اوپننگ بلے باز نے کہا کہ جب کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں اور رنز اسکور کرتے ہیں تو اس سے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔مسلسل دو میچز میں کامیابی کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے اور اسی اعتماد کے ساتھ بھارت کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ ان کے مطابق ہر میچ اہم ہوتا ہے اور ٹیم کسی بھی حریف کو آسان نہیں سمجھتی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نئے تنازع نےسراٹھا لیا، ہنگامہ برپا
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں بھی پاکستانی ٹیم نے بھارت کے خلاف بھرپور مقابلہ کیا تھا اور میچ آخری لمحات تک سنسنی خیز رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اتوار کو ہونے والا مقابلہ بھی ایک عام میچ کی طرح ہی لیا جائے گا اور ٹیم اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی۔

صاحبزادہ فرحان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کسی دباؤ میں آئے بغیر مثبت انداز میں کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنی مہم کا شاندار آغاز کر چکا ہے اور ابتدائی دونوں میچز میں کامیابی حاصل کر چکا ہے۔ قومی ٹیم اپنا اگلا اہم میچ اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی، جسے ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
