کوئٹہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ہر مشکل گھڑی میں بلوچستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ خواہش ہے کہ بلوچستان سے دہشتگردی کا خاتمہ ہو۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کوئٹہ میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب بننے کے بعد یہ ان کا کوئٹہ کا پہلا دورہ ہے۔ اور وہ بلوچستان کے عوام کے لیے کچھ کرنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی مشکل حالات میں صوبے کو احسن انداز میں چلا رہے ہیں۔ بلوچستان کے عوام کی ملک کے ساتھ عقیدت اور وابستگی قابل تحسین ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ان کی خواہش ہے بلوچستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو۔ اور صوبے میں امن و استحکام قائم ہو۔ بلوچستان کو فتنہ الخوارج سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ تاہم پنجاب حکومت ہر مشکل گھڑی میں بلوچستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاسی تعلقات کو معاشی تعاون میں تبدیل کرنا اہمیت کا حامل ہے، وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ہر قسم کی خدمات اور وسائل بلوچستان کے لیے حاضر ہیں۔ پنجاب حکومت بلوچستان کے عوام اور صوبائی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اور مشترکہ کوششوں سے درپیش مسائل پر قابو پایا جائے گا۔
