پشاور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ دو ٹیمیں بنانے پر غور کر رہے ہیں۔ تاکہ ملک کا ٹیلنٹ ضائع نہ ہو۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کے 60 فیصد کھلاڑیوں کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔ جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اس خطے میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں میں زیادہ صلاحیت ہونے کے باعث دو ٹیمیں بنانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ پی سی بی ایسے اقدامات کر رہا ہے تاکہ کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ ضائع نہ ہو۔ اور انہیں آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع مل سکیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسپورٹس بورڈ کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر کام کیا جا رہا ہے۔ تاکہ کرکٹ کے فروغ کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کے لیے 50 لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کے لیے 25 لاکھ روپے انعام رکھا گیا ہے۔ تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
محسن نقوی نے بنگلا دیش سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کا مقصد بنگلا دیش کو عزت دلانا تھا۔ اور اس معاملے میں کوئی ذاتی مقصد شامل نہیں تھا۔ بنگلا دیش نے جو مؤقف اختیار کیا اسے قبول کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے کمزور ہو کر بھی شرائط منوا لیں، یہ ہندوستان کی بے عزتی ہے، بھارتی میڈیا
انہوں نے کہا کہ اسپورٹس کے حوالے سے عوام کو مزید اچھی خبریں دی جائیں گی۔ جبکہ ملک میں انسداد دہشت گردی کے لیے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔
